ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کہا ؛میں نے اقتدار کا کبھی غلط استعمال نہیں کیا ؛ چوطرفہ ترقی کے لئے کوشاں ہوں

بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کہا ؛میں نے اقتدار کا کبھی غلط استعمال نہیں کیا ؛ چوطرفہ ترقی کے لئے کوشاں ہوں

Sat, 18 Mar 2017 19:59:13    S.O. News Service

بھٹکل:18/مارچ    (ایس او نیوز)گذشتہ 4سال پہلے عوام نے مجھے جو  موقع دیا ہے اس کا استعمال کرتے ہوئے بھٹکل کی ہمہ جہت ترقی کے لئے میں کوشاں ہوں۔ میں نے کبھی  اپنے اقتدار کا  غلط استعمال نہیں کیا ہے۔ ان خیالات کااظہار بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کیا۔

وہ یہاں سنیچر کو تعلقہ پنچایت ہال میں منعقدہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے امداد تقسیم کاری پروگرام میں شرکت کرتےہوئے مستفیدین میں چک تقسیم کرنےکے بعد خطاب کررہے تھے ۔منکال وئیدیا نے بتایا کہ بھٹکل ودھان سبھا حلقہ میں جنوری سے اب تک جملہ  73درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جس میں سے 53مستفیدین کو ریاستی حکومت کی طرف سے امداد منظور کی گئی ہے۔ بھٹکل تعلقہ کے 36مستفیدین میں 19لاکھ 73ہزارروپیوں کے چک تقسیم کئے گئے ہیں ۔ اسی طرح برج سے گرکر، کرنٹ شاک سے ہلاک ہوئے 10معاملات میں ہرایک کو  فی کس ایک ایک  لاکھ روپئے کے چک تقسیم کئے گئے ہیں۔منکال وئیدیا کے مطابق انہوں نے  بھٹکل ودھان سبھا حلقہ میں بیمارزدہ غریب افراد کو 2کروڑ روپیوں سے زائد رقم کی امداد بہم پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

منکال وئیدیا نے بتایا کہ بھٹکل میں جو امداد فراہم کی گئی ہے، یہ ریاست میں سب سے زیادہ فراہم کی جانے والی امداد کے ذیل میں آتاہے۔ کسانوں، ماہی گیروں کو بھی بغیر کسی تاخیر کے معاوضہ تقسیم کیاگیا ہے ، بے گھر غریبوں کے لئے ہزاروں گھر منظور کئے جاچکے ہیں، منکال وئیدیا کے مطابق اب پچھلے جیسے حالات نہیں ہیں، عوامی کاموں کے لئے کسی سے ایک روپیہ تک رشوت نہیں لی گئی ہے۔

منکال وئیدیا کے مطابق بھٹکل میں آج  تک کسی بھی آنگن واڑی میں بجلی کی سہولت نہیں تھی بنیادی سہولیات کو ترجیح دیتے ہوئے تمام 154آنگن واڑی مراکز پر بجلی کی سہولت فراہم کرتے ہوئے انہیں پنکھوں کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ تعلقہ کے تمام مقامات پر پینے کے پانی کے منصوبہ جات کو نافذ کیا گیا ہے، جہاں پانی نہیں مل پارہاہے ان مقامات کو آج سے ہی ٹینکر کے ذریعے پانی سپلائی کرنے افسران کو  ہدایات دی گئی ۔

منکال وئیدیا نے دعویٰ کیا کہ تعلقہ میں ہر طرف برج ، سڑک وغیرہ کے لئے حکومت کی طرف سے کافی امداد لایا ہوں۔ وزیر اعلیٰ سدررامیا نے کبھی مجھے خالی ہاتھ واپس نہیں بھیجا ہے ، اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود میرے خلاف الزام تراشی کی جاتی ہے کہ کام نہیں ہورہاہے۔ وئیدیا نے بتایا کہ جو لوگ میرے خلاف الزام تراشی کررہے ہیں میں کبھی انہیں اپنا دشمن یا مخالف نہیں سمجھتا ، وہ سب میرے دوست ہیں۔  ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، جالی پنچایت صدر عبدالرحیم، تعلقہ پنچایت نائب صدر رادھا اشوک وئیدیا، اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن وشنو دیواڑیگا، تحصیلدار وی این باڈکر، پنچایت آفیسر سی ٹی نائک موجود تھے۔


Share: